غلام رسول نازکی: حالات زندگی، غزلیات تشریح اور سوالات | Class 9th Urdu Notes

URDU DARASGAH
0

جماعت نہم اردو: میر غلام رسول نازکی (حالاتِ زندگی اور شاعری, تشریح ،درسی سولات)

غلام رسول نازکی حالات زندگی اور غزلیات کی تشریح

 جماعت نہم اردو - غلام رسول نازکی کی سوانح اور اشعار کی تشریح

میر غلام رسول نازکی: سوانح عمری

میر غلام رسول نازکی بدھ 16 مارچ 1910ء (4 ربیع الاول 1328ھ) میں پیدا ہوئے۔ والد کا نام غلام مصطفیٰ نازکی تھا۔ انہوں نے 1911ء میں سرینگر سے ہجرت کرکے بانڈی پورہ وٹلب میں مستقل سکونت اختیار کی جہاں غلام رسول نازکی نے اپنا بچپن گزارا۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد صاحب سے حاصل کی جو عربی اور فارسی کے جید عالم تھے۔ جماعت ہشتم پاس کرنے کے بعد آپ مزید تعلیم کے لیے سرینگر آئے اور اسلامیہ ہائی اسکول سے مڈل پاس کیا۔ اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے منشی پاس کیا۔

اسی اثنا میں آپ کے والد کا انتقال ہوگیا اور آپ باپ کی شفقت سے محروم ہوگئے۔ والد کے انتقال کے بعد آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں تھا اس لیے آپ کو ہندواڑہ میں بحیثیت مدرس ملازمت کرنی پڑی۔ دورانِ ملازمت انہوں نے منشی علم، میٹرک، منشی فاضل، ادیب فاضل اور ایف.اے کے امتحانات پاس کیے۔ 1943ء میں غلام السیدین نے نازکی صاحب کو اپنے ساتھ لٹریری اسسٹنٹ بنا کر رکھا اور "تعلیم جدید" کا مدیر مقرر کیا۔ اس رسالے سے وابستہ رہتے ہوئے نازکی صاحب نے ادبی حلقوں میں خاصی شہرت حاصل کی۔

اس کے بعد آپ کا تبادلہ بحیثیت استاد ٹیچرز ٹریننگ اسکول ہوا اور آپ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ انسپکٹر مدارس بھی رہے۔ 1968ء میں نازکی صاحب ریڈیو کشمیر جموں سے وابستہ ہوئے، بعد میں ان کا تبادلہ ریڈیو کشمیر سرینگر ہوا اور یہیں سے وہ ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔ 16 مارچ 1998ء کو علم و ادب کا یہ آفتاب ہمیشہ کے لیے غروب ہو گیا۔

ادبی خدمات اور شعری مجموعے

میر غلام رسول نازکی کو گھر میں ایک ادبی ماحول نصیب ہوا جس وجہ سے وہ ابتدا ہی سے ادب کی نزاکتوں اور نفاستوں سے روشناس تھے۔ "آبِ حیات" کے مطالعہ نے انہیں شاعری کا گرویدہ بنایا۔ انہوں نے غزل کے علاوہ رباعی، قطعہ، نعت اور نظم میں بھی طبع آزمائی کی۔ اردو کے ساتھ ساتھ انہوں نے کشمیری زبان میں بھی شعر کہے۔

آپ کا پہلا شعری مجموعہ "نزاکت" (1935ء) ہے۔ اس کے علاوہ دیدہ تر (1949ء)، چراغِ راہ (1989ء)، متاعِ فقیر شائع ہو چکے ہیں، جب کہ کشمیری میں نمرود نامہ (1968ء)، آوازِ دوست (1985ء)، کاوینہ وۅل (1989ء) منظر عام پر آ کر قارئین اور ناقدین سے دادِ تحسین حاصل کر چکے ہیں۔

غزل نمبر 1: اشعار اور تشریح

1. محبوب کے ہونٹوں پر سیلابِ تبسم ہے / 

یا نور کے دریا کی موجوں میں تلاطم ہے

تشریح: میر غلام رسول نازکی اپنے محبوب کی مسکراہٹ کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرے محبوب کی مسکراہٹ بہت خوبصورت ہے۔ جب وہ مسکراتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے نور کے دریا میں موجیں اٹھ رہی ہوں۔

2. اب خوب گزرتی ہے انجام خدا جانے / 

ہر سانس میں نغمہ ہے ہر لے میں ترنم ہے

تشریح: اس شعر میں شاعر فرماتے ہیں کہ فی الحال زندگی بڑے احسن طریقے سے گزر رہی ہے لیکن آگے کیا ہوگا اور اس زندگی کا کیا انجام ہوگا، وہ خدا ہی جانتا ہے۔

3. دل ڈٹ کے مقابل ہے آلام و مصائب سے /

گویا کہ چٹانوں سے لہروں کا تصادم ہے

تشریح: شاعر فرماتے ہیں کہ زندگی میں بڑے مصائب کا سامنا کرنا پڑا لیکن میرا دل چٹان کی طرح مضبوط ہے اور ان آلام کا مقابلہ کرتا ہے۔ گویا جس طرح سمندر میں چٹان سے لہروں کا ڈٹ کر مقابلہ ہوتا ہے، اسی طرح میرا دل بھی مصیبتوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔

4. دنیائے محبت کی ہر چیز نرالی ہے /

 خاموش اشاروں پر بنیادِ تکلم ہے

تشریح: اس شعر میں شاعر فرماتے ہیں کہ محبت کی دنیا ایک منفرد دنیا ہوتی ہے جس کی ہر چیز نرالی ہے۔ یہاں خاموش اشاروں میں کہی ہوئی بات بھی بخوبی سمجھی جاتی ہے۔

5. جنتِ ارضی میں آرام نہیں ملتا /

 پھر خلدِ بریں کیا ہے واعظ کا توہم ہے

تشریح: شاعر فرماتے ہیں کہ جب انسان کو اس جنتِ بے نظیر (کشمیر) میں حقیقی سکون اور آرام نہیں ملتا تو پھر خلدِ بریں (آسمانی جنت) کا تصور کیسا؟ یہ تو صرف واعظ کا وہم معلوم ہوتا ہے۔

غزل نمبر 2: اشعار اور تشریح

1. اس شوخ کو کیا دیکھا آنکھوں میں سمٹ آئی / شیراز کی شادابی کشمیر کی رعنائی

تشریح: شاعر فرماتے ہیں کہ میرا محبوب اتنا خوبصورت ہے کہ جب میں نے اس کو دیکھا تو یوں لگا جیسے میری آنکھوں نے شیراز (ایران کے شہر) اور کشمیر کی تمام خوبصورتی کا ایک ساتھ دیدار کر لیا ہو۔

2. رہ رہ کے میرے دل میں ایک درد سا اٹھتا ہے / 

آ اپنے لبوں سے دے پیغامِ مسیحائی

تشریح: شاعر اپنے محبوب سے مخاطب ہو کر فرماتے ہیں کہ جب سے دل میں تمہارا عشق پیدا ہوا ہے، تب سے ایک ایسا درد اٹھتا ہے جس کا علاج صرف تمہارے پاس ہے۔ اس لیے اب مسیحا بن کر آ جاؤ اور میرے درد کو دور کرو۔

3. ہر شئے کی حضوری میں جھکوا دیا سر میرا / 

اے ذوقِ جبیں سائی! اے لذتِ رسوائی!

تشریح: شاعر اپنے ماتھا رگڑنے کے شوق اور رسوائی کی لذت سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ انھی چیزوں نے مجھے ہر جگہ سر جھکوانے پر مجبور کیا۔ میں جو ہر کسی کے سامنے ماتھا رگڑتا ہوں، اس کی اصل وجہ اس رسوائی میں چھپا ہوا مزہ ہے۔

4. شرمندہِ الفت ہوں رسوائے محبت ہوں /

 دامن میں چھپا مجھ کو اے گوشۂ تنہائی

تشریح: شاعر فرماتے ہیں کہ میں محبت کا رشتہ نبانے میں ناکام ہو چکا ہوں اور محبت میں پوری طرح رسوا ہو چکا ہوں۔ اس لیے اے تنہائی! مجھے اپنے دامن میں چھپا لے تاکہ دنیا کی نظروں سے میرا سامنا نہ ہو۔

5. سوکھا ہوا سبزہ ہوں گلزارِ محبت کا /

 کب سایہ فگن ہوگا وہ سروِ دلارائی

تشریح: شاعر فرماتے ہیں کہ میں محبت کی تپش برداشت نہ کر سکا اور مرجھا چکا ہوں۔ اب میرا محبوب مجھ پر اپنا سایہ کر دے تاکہ میں پھر سے تر و تازہ ہو جاؤں، کیونکہ میرا شاداب ہونا اسی کے سایے میں ممکن ہے۔

نصابی سوالات اور ان کے جوابات

سوال 1: سیلابِ تبسم کی وضاحت کیجیے؟

جواب: سیلابِ تبسم سے مراد مسکراہٹ کی فراوانی اور چہرے پر تبسم کا اس طرح پھیل جانا ہے جیسے موجیں اٹھتی ہیں۔

سوال 2: شاعر کی نظر میں دنیائے محبت کی کون سی چیز نرالی ہے؟

جواب: شاعر کی نظر میں دنیائے محبت کی ہر چیز نرالی ہے، اور خاص طور پر خاموش اشاروں میں ہونے والی گفتگو اس دنیا کی سب سے انوکھی چیز ہے۔

سوال 3: گوشۂ تنہائی سے کیا مراد ہے؟

جواب: گوشۂ تنہائی سے مراد تنہائی کا وہ گوشہ یا جگہ ہے جہاں کسی کا عمل دخل نہ ہو اور انسان دنیا کے شور و غل سے دور سکون محسوس کرے۔

سوال 4: لذتِ رسوائی اور رسوائے محبت کی وضاحت کیجیے۔

جواب: لذتِ رسوائی سے مراد محبوب کے عشق میں ملنے والی بدنامی میں بھی خوشی اور مزہ محسوس کرنا ہے۔ جب کہ رسوائے محبت سے مراد محبت میں اس طرح ناکام یا بدنام ہونا ہے کہ معشوق عاشق کی قدر نہ کرے اور وہ سماج میں رسوا ہو جائے۔

📝 مزید تحریری مشقیں


🎓Pdf Urdu Notes

اکثر پوچھے گئے سوالات (FAQs)

میر غلام رسول نازکی کب اور کہاں پیدا ہوئے؟

میر غلام رسول نازکی 16 مارچ 1910ء کو پیدا ہوئے، انہوں نے سرینگر سے ہجرت کر کے بانڈی پورہ وٹلب میں سکونت اختیار کی۔

غلام رسول نازکی کا پہلا شعری مجموعہ کون سا ہے؟

آپ کا پہلا اردو شعری مجموعہ "نزاکت" ہے جو 1935ء میں شائع ہوا۔

غلام رسول نازکی کا انتقال کب ہوا؟

علم و ادب کے یہ مایہ ناز شاعر 16 مارچ 1998ء کو اس فانی دنیا سے رخصت ہوئے۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)