📚 11th Class Urdu Notes: اس سبق میں خواجہ میر درد کے حالاتِ زندگی،Khawaja Mir Dard Biography, خصوصیاتِ کلام، غزلوں کی تشریح Mir Dard Ki Ghazal Ki Tashreehاور اہم سوالات و جوابات شامل ہیں۔ یہ نوٹس طلبہ کی امتحانی تیاری کے لیے مفید ہیں۔
📑 فہرستِ مضامین
حالاتِ زندگی
اردو شاعری کو بامِ عروج تک پہنچانے والے نامور شعراء میں خواجہ میر درد کا نام نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آپ کی ولادت ۱۷۲۱ء میں دہلی کے ایک صوفی گھرانے میں ہوئی۔ آپ کا اصل نام خواجہ میر جبکہ تخلص درد تھا۔ آپ کے والدِ محترم، خواجہ محمد ناصر عندلیب، خود بھی فارسی زبان کے ایک باکمال شاعر تھے۔ درد نے جس علمی اور ادبی فضا میں پرورش پائی، وہاں آئے دن نامور شعراء کے مشاعرے منعقد ہوتے اور کلام سنایا جاتا تھا۔ اس پروقار ماحول نے ان کے مزاج پر گہرا اثر ڈالا اور وہ لڑکپن ہی میں شعر و سخن کی طرف راغب ہو کر اپنے والد کے شاگرد بن گئے۔
انھیں دینداری، علم، تصوف اور شاعری اپنے بزرگوں سے خاندانی ورثے میں ملی۔ ان کی علمی قابلیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ محض پندرہ برس کی چھوٹی سی عمر میں انہوں نے "احکام الصلوٰۃ" کے نام سے ایک رسالہ تحریر کیا، جسے اہل علم اور مذہبی حلقوں میں بے حد پزیرائی ملی۔ خواجہ میر درد کی طبیعت میں قناعت پسندی اور توکل کوٹ کوٹ کر بھرا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جب دہلی کے حالات خراب ہوئے اور بربادی پھیلی تو دیگر تمام فنکار و اہل کمال شہر چھوڑ گئے، مگر درد نے کامل طمانیت کے ساتھ دہلی ہی میں قیام کیا۔ بالآخر، ان کا یہ شاندار سفِ حیات ۱۷۸۵ء میں اسی شہر (دہلی) میں اختتام پزیر ہوا اور وہیں ان کی تدفین ہوئی۔
خصوصیاتِ کلام
خواجہ میر درد کی قناعت پسندی اور درویشانہ مزاج کا عکس ان کی شاعری میں پوری طرح جلوہ گر نظر آتا ہے۔ ان کے کلام کا سب سے بڑا وصف عشقِ حقیقی کی فراوانی ہے، جب کہ دنیاوی یا عشقِ مجازی کے مضامین ان کے ہاں شاذ و نادر ہی ملتے ہیں۔ اردو غزل کے میدان میں ان کا انداز اور رنگِ سخن بالکل منفرد ہے۔درد کی غزلیں سادگی، شگفتگی اور موسیقیت )ترنم( کا حسین امتزاج ہیں جو پڑھنے والے کو بے حد متاثر کرتی ہیں۔ وہ اپنی بات کو مختصر اور جامع انداز میں بیان کرنے کے ہنر سے بخوبی واقف تھے، اسی لیے ان کی بیشتر غزلیں چھوٹی بحروں میں تخلیق کی گئی ہیں۔ ان کی شاعری میں ایک خاص قسم کی متانت، سنجیدگی اور خیالات کی پاکیزگی جھلکتی ہے جو ان کے کلام کو بلندی عطا کرتی ہے۔ تصوف ان کی شاعری کا بنیادی اور غالب جزو ہے۔ اسی کمال کی بدولت مشہور نقاد مولانا محمد حسین آزاد نے ان کی تعریف میں لکھا ہے کہ اردو ادب میں آج تک کوئی دوسرا شاعر تصوف کے موضوع پر درد جیسی اعلیٰ شاعری پیش نہیں کر سکا۔
غزل نمبر 1
شعر 1
مقدور ہمیں کب ترے وصفوں کی رقم کا
حقا کہ خداوند ہے تو لوح و قلم کا
تشریح: اس مطلع میں خواجہ میر درد اللہ تعالیٰ کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اے اللہ! ہم انسانوں میں اتنی طاقت اور مجال کہاں کہ ہم تیری خوبیوں اور صفات کو اپنے قلم سے لکھ سکیں۔ یہ بالکل سچ ہے کہ تو ہی لوح و قلم)تقدیر لکھنے والے قلم اور تختی( کا حقیقی مالک اور پروردگار ہے۔ انسان کی عقل اور علم تیری صفات کا احاطہ کرنے سے قاصر ہے۔
شعر 2
اس مسندِ عزت پہ کہ تو جلوہ نما ہے
کیا تاب گزر ہوے تعقل کے قدم کا
تشریح: شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! تو عزت و جلالت کی جس اعلیٰ مسند )تخت( پر جلوہ گر ہے، وہاں تک انسانی عقل کی رسائی ناممکن ہے۔ انسان کی محدود سوچ اور سمجھ اس قابل ہی نہیں کہ وہ تیری ذات کے کمالات اور تیری بارگاہ تک پہنچ سکے۔ تیری ذات ماورائے عقل ہے۔
شعر 3
بستے ہیں ترے سائے میں سب شیخ و برہمن
آباد ہے تجھ سے ہی تو گھر دیر و حرم کا
تشریح: اس شعر میں صوفیانہ رنگ جھلکتا ہے۔ درد فرماتے ہیں کہ اس کائنات میں خواہ کوئی مسلمان عالم )شیخ( ہو یا ہندو پنڈت )برہمن(، سب تیری ہی رحمت کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ کعبہ و مسجد (حرم) ہو یا مندر (دیر)، ہر عبادت گاہ کی رونق اور آبادی تیری ہی ذات کی بدولت ہے۔ سب کا خالق و مالک تو ہی ہے۔
شعر 4
ہے خوف اگر جی میں تو ہے تیرے غضب سے
اور دل میں بھروسہ ہے تو تیرے ہی کرم کا
تشریح: یہ شعر انسان کے اللہ کے ساتھ تعلق کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے میرے رب! اگر میرے دل میں کسی چیز کا ڈر ہے تو وہ صرف تیرے غصے اور تیرے قہر کا ہے، اور اگر مجھے کسی ذات پر مکمل یقین اور بھروسہ ہے تو وہ صرف تیری رحمت اور کرم پر ہے۔ سچا مومن ہمیشہ اللہ کے خوف اور اس کی رحمت کی امید کے درمیان زندگی گزارتا ہے۔
شعر 5 مقطع
مانند حباب آنکھ تو اے درد کھلی تھی
کھینچا نہ پر اس بحر میں عرصہ کوئی دم کا
تشریح: اس مقطع میں میر درد انسانی زندگی کی حقیقت اور اس کے عارضی پن کو بیان کرتے ہیں۔ وہ اپنے آپ سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ اے درد! اس دنیا کے سمندر میں میری آنکھ ایک پانی کے بلبلے )حباب( کی طرح کھلی تھی، جس کی کوئی حیثیت اور عمر نہیں ہوتی۔ بلبلہ بنتے ہی مٹ جاتا ہے، اسی طرح میری زندگی کا وقت بھی اس دنیا میں پل بھر کا تھا جو فوراً گزر گیا۔
غزل نمبر 2
شعر 1
تہمتیں چند اپنے ذمے دھر چلے
جس لیے آئے تھے سو ہم کر چلے
تشریح: اس مطلع میں خواجہ میر درد دنیا کی بے ثباتی اور اپنی مجبوری کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ہم اس دنیا میں آ کر کوئی بڑا کارنامہ تو انجام نہ دے سکے، بس کچھ گناہوں اور برائیوں کی تہمتیں (الزامات) اپنے سر لے کر یہاں سے رخصت ہو رہے ہیں۔ یعنی دنیا میں آنے کا جو اصل مقصد (اللہ کی عبادت) تھا، وہ تو پورا نہ ہوا، البتہ دنیاوی الجھنوں میں پڑ کر خود کو گناہ گار ضرور کر لیا۔
شعر 2
زندگی ہے یا کوئی طوفان ہے
ہم تو اس جینے کے ہاتھوں مر چلے
تشریح: خواجہ میر درد اپنی زندگی کے مصائب اور دکھوں سے تنگ آ کر کہتا ہے کہ یہ ہماری زندگی ہے یا کوئی ہلاکت خیز طوفان ہے جس نے ہمارا سکون برباد کر دیا ہے؟ ہم تو اس زندگی کی مشکلات، غموں اور پریشانیوں کو برداشت کرتے کرتے جیتے جی موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
شعر 3
کیا ہمیں کام ان گلوں سے اے صبا
ایک دم آئے ادھر ادھر چلے
تشریح: درد بادِ صبا )صبح کی ٹھنڈی ہوا( سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ اے صبا! ہمیں اس دنیا کے باغ اور اس کے خوبصورت پھولوں)دنیاوی آسائشوں( سے کوئی غرض نہیں ہے۔ ہم تو اس دنیا میں محض ایک پل کے مہمان ہیں، بس ذرا سی دیر کے لیے آئے تھے اور اب یہاں سے اپنے اصل ٹھکانے (آخرت) کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔
شعر 4
ایک میں دل ریش ہوں ویسا ہی دوست
زخم کتنوں کے سنا ہے بھر چلے
تشریح: شاعر اپنے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اے دوست! اس دنیا میں ایک میں ہی ایسا بدنصیب ہوں جس کے دل کے زخم )دل ریش( آج تک ویسے ہی تازہ ہیں اور مجھے اپنے غموں سے نجات نہیں ملی۔ ورنہ میں نے تو سنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کے زخم بھر چکے ہیں اور ان کے دکھ دور ہو گئے ہیں۔
شعر 5
شمع کی مانند ہم اس بزم میں
چشم تر آئے تھے دامن تر چلے
تشریح: یہ شعر میر درد کے شاہکار اشعار میں سے ایک ہے۔ فرماتے ہیں کہ دنیا کی اس محفل میں ہماری مثال ایک شمع کی سی ہے۔ جس طرح محفل میں شمع روتی رہتی ہے اور پگھل کر ختم ہو جاتی ہے، اسی طرح ہم بھی جب اس دنیا میں آئے تو روتے ہوئے )چشمِ تر( آئے تھے اور جب یہاں سے جا رہے ہیں تب بھی ہمارے دامن آنسوؤں اور گناہوں سے بھیگے ہوئے (دامنِ تر) ہیں۔ ہماری ساری زندگی غموں میں کٹ گئی۔
شعر 6
ساقیا یاں لگ رہا ہے چل چلاؤ
جب تلک بس چل سکے ساغر چلے
تشریح: اس شعر میں شاعر ساقی سے مخاطب ہے، مگر مراد دنیا کی بے ثباتی ہے۔ درد کہتے ہیں کہ اے ساقی! اس دنیا میں تو ہر وقت کوچ کی تیاری )چل چلاؤ( لگی ہوئی ہے، ہر کوئی موت کے سفر پر روانہ ہو رہا ہے۔ اس لیے جب تک زندگی کی مہلت باقی ہے اور ہمارا بس چلتا ہے، ہمیں جامِ عشق الہیٰ پینے دے تاکہ زندگی کا یہ مختصر وقت اللہ کی یاد میں گزر سکے۔
شعر 7 مقطع
درد کچھ معلوم ہے یہ لوگ سب
کس طرف سے آئے تھے کدھر چلے
تشریح: غزل کے مقطع میں درد نہایت گہرے فلسفیانہ انداز میں موت و حیات کے راز پر حیرانی ظاہر کرتے ہیں۔ وہ خود سے سوال کرتے ہیں کہ اے درد! کیا تجھے کچھ خبر ہے کہ دنیا میں آنے والے یہ بے شمار لوگ کہاں سے آتے ہیں اور مرنے کے بعد کس انجانی منزل کی طرف چلے جاتے ہیں؟ انسان کی ابتداء اور انتہا کا یہ راز انسانی عقل سے باہر ہے۔
سوالات و جوابات
۱( پہلی غزل کے مطلع میں شاعر کیا کہنا چاہتا ہے؟
جواب: پہلی غزل کے مطلع میں شاعر خواجہ میر درد یہ کہنا چاہتے ہیں کہ انسان میں یہ قدرت اور طاقت نہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ کی لامحدود صفات اور خوبیوں کو بیان کر سکے۔ اللہ ہی لوح و قلم کا حقیقی مالک ہے اور اس کی عظمت کو تحریر میں لانا انسان کے بس کی بات نہیں۔
۲( شاعر کے دل میں کس کے غضب کا خوف ہے؟
جواب: شاعر کے دل میں صرف اللہ تعالیٰ کے غضب اور قہر کا خوف ہے اور اسے اسی کی ذات اور کرم پر مکمل بھروسہ ہے۔
۳( دوسری غزل کے مقطع میں شاعر دنیا کی کس حقیقت سے روشناس کرانا چاہتے ہیں؟
جواب: دوسری غزل کے مقطع میں شاعر انسان کی پیدائش اور موت کے نامعلوم راز کی حقیقت بیان کرنا چاہتے ہیں۔ وہ حیرت کا اظہار کرتے ہیں کہ کوئی نہیں جانتا کہ انسان دنیا میں کہاں سے آتے ہیں اور موت کے بعد کس منزل کی طرف چلے جاتے ہیں۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جس کی حقیقت سے سب ناواقف ہیں۔
۴( نیچے دیئے ہوئے الفاظ کی مدد سے خالی جگہوں کو پُر کیجیے:
- میر درد کی غزلیں چھوٹی بحر میں لکھی گئی ہیں۔
- میر درد نے پندرہ برس کی عمر میں ایک رسالہ احکام الصلوٰۃ تحریر کیا۔
- میر درد اپنے والد کے شاگرد ہوئے۔
- اُن کے کلام میں تصوف کا رنگ غالب ہے۔
📚 مزید اردو نوٹس کے لیے
جماعت 11 کے اردو نوٹس، تشریحات، سوالات و جوابات اور دیگر اہم تعلیمی مواد کے لیے اردو درسگاہ سے جڑے رہیے۔
📚 مزید اہم تعلیمی لنکس
- 📝 اردو مضامین
- 📄 اردو درخواستیں
- ✉️ اردو خطوط
- 📢 اردو اشتہارات
- 🎓 جماعت دسویں اردو نوٹس
- 🎓 جماعت گیارہویں اردو نوٹس
- 🎓 جماعت بارہویں اردو نوٹس
- 📥 گیارہویں جماعت PDF نوٹس
- 📥 بارہویں جماعت PDF نوٹس
❓ اکثر پوچھے جانے والے سوالات (FAQs)
خواجہ میر درد کون تھے؟
خواجہ میر درد اردو شاعری کے نامور شاعر تھے اور تصوف ان کی شاعری کا بنیادی اور غالب جزو تھا۔
خواجہ میر درد کب پیدا ہوئے؟
خواجہ میر درد کی ولادت ۱۷۲۱ء میں دہلی کے ایک صوفی گھرانے میں ہوئی۔
خواجہ میر درد کا اصل نام کیا تھا؟
ان کا اصل نام خواجہ میر جبکہ تخلص درد تھا۔
خواجہ میر درد کی شاعری کی سب سے نمایاں خصوصیت کیا ہے؟
ان کی شاعری کی نمایاں خصوصیت عشقِ حقیقی اور تصوف ہے۔ ان کے کلام میں سادگی، شگفتگی، موسیقیت، متانت اور سنجیدگی بھی نمایاں ہے۔
خواجہ میر درد نے پندرہ برس کی عمر میں کون سا رسالہ تحریر کیا؟
انہوں نے پندرہ برس کی عمر میں "احکام الصلوٰۃ" کے نام سے ایک رسالہ تحریر کیا۔
یہ نوٹس کس جماعت کے لیے ہیں؟
یہ نوٹس گیارہویں جماعت (11th Class Urdu) کے طلبہ کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
📖 اگر یہ نوٹس آپ کے لیے مفید ہیں تو انہیں اپنے ساتھی طلبہ کے ساتھ ضرور شیئر کریں۔
اردو درسگاہ — آسان اردو، بہتر تیاری، شاندار کامیابی